نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں قصرہ کے مقام پر جمعرات کو صیہونی دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک فلسطینی شہری کو شہید کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ جنوبی نابلس میں صیہونی آباد کاروں نے قصرہ کے مقام پر 48 سالہ فلسطینی شہری محمود عودہ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق صیہونی آباد کاروں کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے کے بعد محمود عودہ کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں کچھ ہی دیر کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ادھر دوسری جانب فلسطینی شہری کی شہادت کے بعد فلسطینی شہری احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے موقع پر موجود 15 صیہونی شرپسندوں کو ایک غارب میں یرغمال بنالیا جنہیں بعد ازاں اسرائیلی فوج نے بازیاب کرالیا۔
واقعے کے بعد اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا اور فلسطینی شہریوں کے خلاف بھی کارروائی شروع کی گئی۔
مقامی فلسطینی تجزیہ نگار غسان دغلس فلسطینی شہری کے قتل کو مجرمانہ کارروائی اور دہشت گردی قرار دیا ہے۔
غسان دغلس نے کہا کہ صیہونی آباد کاروں کے ایک مسلح گروپ نے ایک نہتے فلسطینی کو گولیاں مار کر شہید کیا ہے۔
