مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) گزشتہ روز سیکڑوں صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کے باہر اور پرانے بیت المقدس شہر میں اشتعال انگیز ریلی نکالی۔ اس موقع پر انتہا پسند صیہونی آباد کاروں کو اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مسجد اقصیٰ کے باہر نکالی جانے والی ریلی پر صیہونی مذہبی مدارس کے سیکڑوں طلباء، شدت پسند تنظیموں’شفوبنیم‘، شفولشوناہ، عطیرت کوھنیم اور العاد کے ارکان بھی شامل تھے۔ یہ ریلی جمعرات کی شام مقامی وقت کے مطابق چھ بجے نکالی گئی۔ یہ ریلی مسجد اقصیٰ کے باب العامود سے شروع ہو کر واد، باب السوق القطانین اور مسجد کے دیگر دروازوں سے گزر کر پرانے بیت المقدس میں جا کر ختم ہوئی۔صیہونی آباد کاروں نے اسرائیلی ریاست کے پرچم، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ بینروں اور کتبوں پرمسلمانوں، فلسطینیوں اور عربوں کے خلاف اشتعال انگیز نعرے درج تھے۔
اس موقع پر صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کی جگہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کے حق میں بھی نعرے بازی کی۔
