مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے فلسطینی شہر مقبوضہ بیت المقدس میں قلندیا فوجی کیمپ کے قریب قائم ایک چوکی کے قریب ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔
اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے بتایا کہ ایک فلسطینی نوجوان ہاتھ میں خنجر لہراتے ہوئے فوجی چوکی پر کھڑے ایک اہلکار کی طرف بڑھا اور گاڑیوں کے لیے لگائی گئی رکاوٹ عبور کرتے ہوئے فوجی اہلکار کے قریب پہنچ گیا۔اس دوران صہیونی فوجیوں نے مشتبہ فلسطینی مزاحمت کار کو گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ جس کے بعد وہ دم توڑ گیا۔
فلسطینی شہری کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہری کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر نابلس سے ہے اور اس کی عمر چالیس سال کے قریب ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے بھی صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک فلسطینی شہری کی شہادت کی تصدیق کی ہے تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
