فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہوینی فوج نے جنین پناہ گزین کیمپ کا محاصرہ کرنے کے بعد گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ اس موقع پر فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فوج کی غنڈہ گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ صہیونی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا استعمال کیا۔ تشدد کے بعد فلسطینی شہریوں نے بھی صہیونی فوج پر سنگ باری کی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے صہیونی فوجیوں پر فائرنگ بھی کی گئی۔
ادھرجنین میں صہیونی فوج نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے دو کارکنوں اور سابق اسیران کے گھروں پر چھاپے مارے۔ صہیونی فوج نے دو سگے بھائیوں جو کہ حماس کے کارکن ہیں انہیں حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے گئے کارکنوں کی شناخت 45 سالہ محمد اسعد ابو خلیفہ اور 43 سالہ احمد ابو خلیفہ کے نام سے کی گئی ہے۔ دونوں بھائی کئی سال تک ماضی میں بھی صہیونی جیلوں میں قید رہ چکے ہیں۔