مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی پروردہ انتہا پسند تنظیموں ’اتحاد تنظیمات ہیکل‘ مزعومہ میں شامل گروپوں نے جمعرات کے روز صہیونیوں کے مذہبی تہوار کے موقع پر زیادہ سے زیادہ تعداد میں مسجد اقصیٰ میں جمع ہونے پر زوردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مزعومہ ’اتحاد تنظیمات ہیکل‘ کی طرف سے اخبارات اور سوشل میڈیا پر ایک اشتہار شائع کرایا گیا ہے جس میں صہیونی آبادکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ’عیدالفصح‘ کے موقع پر آئندہ جمعرات کو مسجد اقصیٰ میں جمع ہوں اور اجتماعی طریقے کے مطابق مذہبی رسومات ادا کریں۔خیال رہے کہ اسرائیل میں صہیونیوں کے مذہبی تہوار’عید الفصح‘ کی تقریبات وسط اپریل سے شروع ہو رہی ہیں مگر صہیونی آباد گروپوں کی طرف سے ابھی سے صہیونیوں کو قبلہ اوّل پر دھاوے بولنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
میڈیا پر جاری اشتہار میں کہا گیا ہے کہ صہیونی آباد کار آئندہ جمعرات کو دیوار براق کے سامنے جمع ہو کر مذہبی رسومات ادا کریں۔