مقبوضہ بیت المقدس ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے ایک بیان کہا ہے کہ فلسطین کے علاقےغزہ کی پٹی میں مظاہروں کے دوران زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو علاج کے لیے غزہ سے اردن جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اردن سے طبی سامان سے لدے ٹرک غزہ بھجوانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ دونوں اقدامات اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم کی خصوصی درخواست پر کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر 14 مئی کو احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر وحشیانہ حملے کیے تھے جن میں کم سے کم 62 فلسطینی شہری شہید اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوگئے تھے۔ یہ قتل عام اس وقت کیا گیا جب امریکا نے تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کی افتتاحی تقریب منعقد کی تھی۔
گذشتہ روز غزہ کی پٹی سے اردنی شہریت رکھنے والے تین زخمیوں کو ایمبولینسوں میں اردن منتقل کیا گیا۔
قبل ازیں اسرائیل نے 53 ٹن ادویات اور دیگر طبی سامان غزہ کی پٹی کے حوالے کیا تھا۔