رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) غرب اردن میں رام اللہ کے قریب صیہونیت مخالف کارروائی میں ایک صیہونی فوجی ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح ایک فلسطینی نے غرب اردن میں رام اللہ کے قریب واقع عوفر کالونی میں ایک صیہونی فوجی پر اپنی گاڑی چڑھا دی۔باخبر ذرائع کے مطابق اس واقعے کے بعد صیہونی فوجیوں نے اس فلسطینی پر اندھا دھند فائرنگ کرنا شروع کر دی جس کے نتیجے میں یہ فلسطینی مجاہد شہید ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے غزہ پٹی میں تاکید کے ساتھ کہا کہ فلسطینی جوان کی یہ کارروائی ملت فلسطین پر صیہونی حکومت کے جرائم و جارحیت کا جواب ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور فلسطینی کو اسرائیلی فوجیوں نے گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ ایک ذریعے کے مطابق حملہ آور جوابی کارروائی میں شہید ہوگیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آور فلسطینی ڈرائیور کی شناخت مالک احمد موسیٰ حامد کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 21 سال اور رہائشی تعلق شمال مشرقی رام اللہ کے سلواد قصبے سے ہے۔
فلسطین کے مقدس اسلامی مقامات خاص طور سے بیت المقدس کے خلاف صیہونی فوجیوں اور صہیونی آبادکاروں کی جارحیت میں تیزی آنے کے بعد یکم اکتوبر دو ہزار پندرہ سے تحریک انتفاضہ قدس کا آغاز ہوا ہے۔ تحریک انتفاضہ قدس شروع ہونے کے بعد سے اب تک تین سو سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
فلسطینی شہری، مسجد الاقصی پر صہیونی آباد کاروں کی بار بار کی یلغار کا مقابلہ کرنے کے لئے مختلف طریقوں سے صیہونیوں کے تخریبی اقدامات کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔