رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے سینیر رکن اور اسیر رہنما مروان البرغوثی نے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور اپنی جماعت کی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ مفاہمت کے لیے خلوص نیت کے ساتھ بات چیت شروع کریں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی جیلوں سے بھیجے گئے ایک پیغام میں البرغوثی نے کہا کہ فلسطینیوں کی داخلی صف بندی کے لیے مصر کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ مصر نے فلسطینیوں کو آپس میں متحد ہونے کا ایک زریں موقع فراہم کیا۔ اب یہ حماس اور فتح کی قیادت پر ہے کہ وہ سنہری موقع سے کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔البرغوثی نے کہا کہ فلسطینیوں میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہم مصر کی جانب سے فلسطینی صفوں میں اتحاد کے لیے ثالثی کی مساعی کا خلوص دل سے خیر مقدم کرتے ہیں۔ قاہرہ نے فلسطینیوں کو باہم دست و گریباں ہونے کے بجائے شیر و شکر ہونے کا موقع دیا ہے۔ فلسطینیوں کے پاس بے اتفاق ختم کرنے اور تمام رنجشیں دور کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ مصر میں آئندہ ہفتے ہونے والی بات چیت کے دوران دونوں بڑی جماعتیں حماس اور فتح خلوص دل کے ساتھÂ مذاکرات کریں۔ مذاکرات میں گہرائی اور گیرائی کے ساتھ کیے جائیں تاکہ تمام حل طلب مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ قومی مفاہمت فلسطینی قوم کے لیے ایک نئے سفر کا آغاز ثابت ہوسکتی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی، قومی حکومت اور تمام فلسطینی سیاسی جماعتوں کو یکجا ہو کر قوم کی فلاح وبہبود، اس کے بنیادی حقوق کے حصول اور آزادی کے لیے جدو جہد کو آگے بڑھانا چاہیے۔
