فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل رمضان شلح سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے خان یونس کے مقام پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی وحشیانہ بمباری اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اسلامی جہاد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی فوج کی ننگی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کو شہداء آزادی قرار دیا اور کہا کہ فلسطینی قوم دشمن کے خلاف آزادی کے حصول اور دشمن کو ملک سے نکال باہر کرنے تک جہاد جاری رکھے گی۔
