مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی شہری بالخصوص مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے فلسطینی باشندے صہیونی ریاست کی ہمہ نوع پابندیوں کے باعث جن مشکل حالات کا سامنا کررہے ہیں، اس کا اندازہ اور ادراک کم سن بچوں کو بھی ہے۔ کم عمربچے بھی یہ اداراک رکھتے ہیں کہ صہیونی فلسطین پر ناجائز قابض ہیں۔ انہیں ایک نا ایک دن فلسطین سے نکلنا ہے۔ چنانچہ یہ کم عمرفلسطینی بھی بڑے بہادر مجاھدین کی طرح جذبہ حب الوطنی کے ساتھ ساتھ قابض دشمن سے نفرت کے جذبات سے مالا مال ہیں۔
آئے روز کم عمر بچوں کی صہیونی فوج پر حملوں کے الزام میں گرفتاریوں کے واقعات سے لگتا ہے کہ صہیونیوں سے جتنی شدید نفرت فلسطینیوں کی نئی نسل میں پائی جاتی ہے اتنی شاید بڑی عمر کے افراد میں نہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایک تازہ فوٹیج میں ایک تین سالہ فلسطینی بچے کو بیت المقدس کی ایک گلی سے گذرتے دیکھا جاسکتا ہے جو اپنے ہاتھ میں پلاسٹک کا کھلونا پستول اٹھائے ہوئے ہے۔ وہ جیسے ہی ایک صہیونی فوجی اہلکار کے قریب پہنچتا ہے تو اپنی کم سن بے نیازی کے ساتھ کھلونا پستول صہیونی فوجی پر تان لیتا ہے۔ اسرائیلی فوجی بھی ایک ننھے فلسطینی بچے کا جذبہ دیکھ کر ہکا بکارہ جاتا ہے۔
