غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں صدر محمود عباس کی جماعت تحریک فتح کے ایک درجن ارکان پارلیمان نے پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی میں فتح کے 15 ارکان پارلیمان نے پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس فوری طور پربلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ارکان پارلیمان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلا کرغزہ کی پٹی کے ملازمین کی تنخواہوں میں کمی Â دیگر آئینی مسائل کے حل کے لیے ارکان کو ایک فورم پر جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تحریک فتح کے ارکان پارلیمان کاکہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی اور غزہ میں معاشی بحران کے ذمہ دار صدرعباس ہیں۔ ان کا کہناہے کہ غزہ کے ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کا فیصلہ غیرآئینی اور غیراخلاقی ہے۔
ارکان پارلیمان کاکہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی حماس پر دباؤ بڑھانے کے لیے غزہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اوران کی مرعات میں کمی کے غیرآئینی فیصلے پرعمل پیرا ہے۔
انہوں نے فلسطینی اتھارٹی اور ارکان پارلیمان پر زور دیا کہ وہ غزہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں کٹوتی کا فیصلہ واپس لے اور آئین اور قانون کےدائرے میں رہتے ہوئے فلسطینی قوم کو اس کی تمام بنیادی مراعات فراہم کرے۔
