مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مقبوضہ بیت المقدس میں گذشتہ روز اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے نہتے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسوگیس زہریلے پانی کا چھڑکاؤ کیا جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ مسجد اقصیٰ کےجنوبی قصبے سلوان کی عین اللوزہ کالونی میں فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فوج کی غںڈہ گردی کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا۔ صہیونی فوج نے فلسطینی نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور مرچوں سے تیارہ کردہ پانی پھینکا۔ اس کے علاوہ صہیونی فوج نے مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج بھی کیا۔
ہلال احمر کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے تشدد سے متعدد فلسطینی زخمی اور بے ہوش ہوگئے جنہیں موقع پر فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
