رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیلوں کی انتظامیہ نے فتح تحریک کی مرکزی کمیٹی کے اسیر رکن مروان البرغوثی کو ان کی وکیل عبیر بکر سے ملاقات کی اجازت اس شرط کے ساتھ دی ہے کہ عبیر "کسی بھی دوسرے بھوک ہڑتالی قیدی کی نمائندگی نہیں کریں گی”۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبیر نے کہا کہ جیل انتظامیہ کو اندیشہ ہے کہ برغوثی اپنے وکلاء کے ذریعے دیگر قیدیوں کو پیغامات منتقل کریں گے”۔عبیر بکر نے جمعرات کے روز برغوثی سے ملاقات کے لیے درخواست کی تھی۔ یہ ملاقات سپریم کورٹ میں سامنے آنے والے معاہدے کے تحت کی گئی۔ یہ معاہدہ بھوک ہڑتالی قیدیوں کو اپنے وکلاء سے ملاقات کی اجازت دیتا ہے۔
مروان البرغوثی جو قیدیوں کی بھوک ہڑتال کی سربراہی کر رہے ہیں.. انہیں دو ہفتے قبل ہڑتال کے آغاز پر کیشون جیل میں علاحدہ بیرک میں منتقل کر کے تنہا کر دیا گیا تھا۔
اسرائیلی جیلوں میں موجود تقریبا 1800 قیدیوں کی جانب سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال اپنے تیسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے۔ ہڑتال کا فیصلہ جیل میں قیدیوں کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے والے تمام تر کوششوں کے ناکام ہو جانے کے بعد کیا گیا۔
