جنین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام کی جانب سے بلا جواز گرفتاری کے بعد نام نہاد انتظامی قید میں منتقل کیے جانے کے فوری بعد بزرگ فلسطینی رہنما الشیخ ضریر عزالدین عمارنہ نےبھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے یعبد قصبے سے تعلق رکھنے والے 55 سالہ الشیخ عمارنہ کو دو روز قبل صہیونی حکام کی جانب سے انتظامی حراست میں منتقل کردیا گیا تھا۔انتظامی قید میں منتقلی کے فوری بعد انہوں نے بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔
خیال رہے کہ الشیخ عمارنہ سابق اسیر ہیں جو سات سال پہلے بھی صہیونی ریاست کی جیلوں میں قید رہ چکے ہیںْ انہیں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ سے تعلق کے الزام میں متعدد بار جیلوں میں ڈالا اور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ الشیخ عمارنہ سرکردہ فلسطینی عالم دین اور معروف مذہبی دانشور ہیں۔
