فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز جزیرہ النقب میں فلسطینی قصبے کی مسماری کے خلاف احتجاج میں پیش پیش اسرائیلی پارلیمنٹ کے دو عرب ارکان Â اسامہ السعدی اور ایمن عودہ بھی زخمی ہوئے۔ دونوں کو ایک مقامی اسپتال میں علاج کے لیے لے جایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز صہیونی فوج نے جزیرہ النقب میں فلسطینی قصبے ام الحیران پر اسرائیلی فوج نے چڑھائی کرتے ہوئے متعدد مکانات مسمار کردیے تھے جس کے خلاف فلسطینی شہری سراپا احتجاج ہیں۔ احتجاج کرنے والے شہریوں میں اسرائیلی کنیسٹ’پارلیمنٹ‘ کے عرب کمیونٹی سے منتخب دو ارکان بھی شامل ہیں۔ جنہیں تشدد کے دوران لہو لہان کردیا گیا۔
ادھر دوسری جانب اسرائیلی کنیسٹ میں عرب کمیونٹی کے نمائندہ اتحاد نے خبردار کیا ہے کہ صہیونی فوج کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے فلسطینی گاؤں کی مسماری کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اتحاد نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت ایک سوچی سمجھی سازش کے ذریعے فلسطینی قصبوں کومسمار کررہی ہے اور پرامن فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔