فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ القیق نے چھ فروری سے بلا جواز انتظامی حراست کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔ اسے غیرقانونی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال کا حق ہے اور ایمنسٹی محمد اسامہ القیق کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھوک ہڑتالی صحافی محمد اسامہ القیق کی حراست انسانی حقوق اور انصاف کے علم برداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے صہیونی ریاست کی طرف سے القیق اور سیکڑوں دوسرے فلسطینیوں کو بغیر کسی الزام کے انتظامی قید میں ڈالنے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا ہے کہ القیق کی زندگی بھوک ہڑتال اور قید تنہائی کی وجہ سے خطرے سے دوچار ہے اگر القیق کی زندگی کو کچھ ہوا تو اس کا ذمہ دار اسرائیل ہوگا۔