مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت نے بزرگ فلسطینی رہنما اور سنہ 1948ء کے علاقوں میں سرگرم اسلامی تحریک کے امیر الشیخ رائد صلاح Â اور جماعت کے ایک دوسرے رہنما سلیمان محاجنہ کے بیرون ملک سفر پرعائد کردہ پابندی میں غیرمعینہ مدت تک کے لیے توسیع کر دی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیر داخلہ ارییہ درعی نے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے الشیخ رائد صلاح اور اسلامی تحریک کے رہنما سلیمان محاجنہ کے بیرون ملک سفر پرعائد پابندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
صہیونی وزیر داخلہ درعی کا کہنا ہے کہ الشیخ رائد صلاح کے بیرون ملک سفر کی وجہ سے انہیں حقیقی تشویش لاحق ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے رائد صلاح کے بیرون ملک سفر پرعائد کردہ پابندی میں توسیع کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ الشیخ رائد صلاح کے بیرون ملک سفر سے اسرائیل کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے جس کی بناء پرانہیں بیرون ملک سفر سے روکا گیا ہے۔
