رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیلوں میں گذشتہ ایک ماہ سے مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کی حمایت میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرنے پر فلسطینی اتھارٹی کے خلاف عوام سخت برہم ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز سیکڑوں فلسطینی شہریوں نے حکومتی غفلت اور لاپرواہی کے خلاف رام اللہ شہر کے تمام داخلی راستے سیل کردیے جس کے نتیجے میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔اس موقع پر مظاہرین نے فلسطینی اتھارٹی کی لاپراہی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور صدر محمود عباس اور رام اللہ اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل زندانوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں۔
مظاہرین نے ٹائر جلا کر اور بھاری پتھر ڈال کر سڑکیں بلاک کردیں جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی آمد ورفت گھنٹوں معطل رہی۔
رپورٹ کے مطابق سیکڑوں نقاب پوش نوجوانوں نے سڑکوں پر نکل کرفلسطینی اتھارٹی کی طرف سے اسیران کی حمایت نہ کرنے پر احتجاج کیا۔ مظاہرین سخت مشتعل اور برہم تھے اور انہوں نے صدر عباس اور ان کی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان پر اسرائیل کے ساتھ ساز باز کا الزام عائد کیا۔
