غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کے مرکزی رہ نما اور جماعت کے عسکری ونگ ’سرایا القدس‘ [القدس بریگیڈ] کے بانی الحاج محمود الحیلہ المعروف ابو ھنادی گذشتہ روز انتقال کر گئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ابوھنادی کے انتقال پر اسلامی جہاد، القدس بریگیڈ اور فلسطین کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔القدس بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت اپنے ایک سرکردہ عسکری رہنما سے محروم ہوگئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فوت ہونے والے رہنما الحاج محمود عبد ربہ یوسف الحیلہ نے پوری زندگی جہاد فلسطین میں گذاری۔ اسلامی جہاد، القدس بریگیڈ اور فلسطینی قوم ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
خیال رہے کہ یوسف الحیلہ المعروف ابو ھنادی اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے بانی ارکان میں شمارہوتے تھے۔ انہوں نے طویل عرصے تک صہیونی ریاست کے خلاف جدو جہد جاری رکھی۔ انتقال سے قبل وہ طویل عرصہ علیل رہے۔
القدس بریگیڈ کا کہنا ہے کہ ابوھنادی کے انتقال سے فلسطینی مزاحمتی قوتیں ایک عظیم اور مخلص رہنما سے محروم ہوگئی ہیں۔ القدس بریگیڈ اپنے بانی رہنما کی ہدایت اور طریقے پر چلتے ہوئے اسرائیلی دشمن کے خلاف جدو جہد جاری رکھے گی۔
