رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں فلسطین میں اسرائیل کی جاری صہیونی آباد کاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس پر سامنے آنے والے رد عمل پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں صہیونی توسیع پسندی پر عالمی برادری کا رد عمل انتہائی شرمناک اور مایوس کن ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں صہیونی آباد کاری کے ظالمانہ عمل کے جاری رہتے ہوئے امن بات چیت کی بحالی ممکن نہیں۔ فلسطین میں صہیونی آباد کاری مشرق وسطیٰ میں دیر پا قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین میں صہیونی آباد کاری پر عالمی برادری کا رد عمل مایوس کن اور شرمناک ہے۔ جس طرح کے عالمی رد عمل کی ضرورت ہے اس کا اظہار نہیں کیا جا رہا ہے۔ عالمی برادری کی طرف سے صہیونی توسیع پسندی پر مجرمانہ خاموشی صہیونی ریاست کی توسیع پسندی کے لیے حوصلہ افزائی کا موجب بن رہی ہے۔
فلسطینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ صہیونی وزیراعظم اور تمام حکومتی وزراء فلسطین میں صہیونی آباد کاری پر فخر کا اظہار کررہے ہیں۔ پوری دنیا کی آنکھوں کے سامنے فلسطین میں غیرقانونی صہیونی آباد کاری کا تسلسل افسوناک ہے۔
