غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزارت ہاؤسنگ وآباد کاری نے فلسطین کے وادی اردن کے شمال میں ایک نئی Â صہیونی کالونی تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ریڈیو کی جانب سے نشر کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارت ہاؤسنگ کی طرف سے نئی صہیونی کالونی شمالی وادی اردن میں تعمیر کی جائے گی۔عبرانی ریڈیو کے مطابق اس مجوزہ صہیونی کالونی میں ابتدائی طور پر100 مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔ ریڈیو رپورٹ کے مطابق نئی صہیونی بستی ’یروش‘ نامی صہیونی کالونی کا متبادل ہوگی۔ اس کالونی کو اسرائیلی عدالتوں نے خالی کرنے کا حکم دے رکھا ہے کیونکہ یہ فلسطینیوں کی نجی اراضی پر صہیونی مذہبی عناصر کی طرف سے تعمیر کی گئی ہے۔
وزارت ہاؤسنگ کی تجویز کردہ صہیونی کالونی کی حتمی منظوری کے لیے معاملہ کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ کابینہ بھی بلا تاخیر اس کی منظوری دے گی۔
ریڈیو رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے ’یروش‘ کالونی کو خالی کرنے کے بعد اسے تفریح گاہ کے طور پراستعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر گذشتہ چند برسوں سے اسے ’ٹیکنیکل ویلج‘ کی حیثیت دی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہاؤسنگ کے وزیر یوآو گالانٹ نے ایک بیان میں ’یروش‘ کالونی کو تزویراتی مقام اور اسرائیل کی سلامتی کے لیے اہم قرار دے رکھا ہے۔
خیال رہے کہ 23 دسمبر 2016ء کو سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں فلسطین میں صہیونی بستیوں کی تعمیر اور توسیع کو غیرآئینی اور خطے میں دیر پا قیام امن کی مساعی کے منافی قرار دیا گیا تھا۔
