رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) جنوبی افریقہ کے آنجہانی رہنما نیلسن مینڈیلا کے پوتے نے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی نسل پرستی اور امتیازی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی قوم کے خلاف نسل پرستانہ مظالم بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیلسن منڈیلا کے پوتےÂ اور رکن پارلیمان منڈیلا منڈیلا نے اپنے دورہ فلسطین کے دوران رام اللہ میں فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منڈیلا نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کسی ریاست کے استعماری مظالم کا شکار ہو، کسی قوم کا محاصرہ کیا جائے، انہیں نقل وحرکت کی آزادی نہ ہو تو ایسے مظلوم طبقات کی حمایت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
منڈیلا منڈیلا نے کہا کہ طویل عرصے تک جنوبی افریقہ کے عوام بھی آباد کاروں میں گھرے ، اپاتھائیڈ، استعماری اور نسل پرستانہ مظالم کا شکار رہے ہیں۔ ہمیں ایک سے دوسرے شہر میں نقل وحرکت کی آزادی نہیں تھی مگر نیلسن منڈیلاÂ کی ان تھک جدو جہد نے جنوبی افریقہ کے عوام کو نسل پرستانہ نظام سے نجات دلائی۔
ان کا کہنا تھا کہ یاسر عرفات اور نیلسن منڈیلا کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات تھے اور دونوں رہنماؤں کو ایک ہی طرح کے چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ انہوں نے اسرائیلی نسل پرستی کے خلاف یاسرعرفات کی خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
