انقرہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) گذشتہ جمعہ کو اسرائیلی پولیس کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ سے حراست میں لیے گئے دو ترک شہریوں کو رہا کرنے کے بعد واپس ترکی روانہ کردیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعہ کو بیت المقدس میں حراست میں لیے گئے دو ترک شہریوں عبد ارمق اور محمد قاغیلی کو ترک ہوائی جہاز کے ذریعے انقرہ بھیج دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے تین ترک شہریوں کو حراست میں لے لیا تھا۔
اسرائیلی پولیس نے ان کی شناخت آدم کوج، عبد ارمق اور محمد قاغیلی کے ناموں سے کی تھی۔ انہیں پہلے تو رہا کردیا گیا تھا تاہم اتوار کو انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے ترک شہریوں پر گرفتاری کے وقت وحشیانہ تشدد کیا اور بعد ازاں انہیں مغربی بیت المقدس میں القشلہ پولیس مرکز منتقل کردیا تھا۔
