مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی پولیس نے گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس سے گرفتار کیے گئے دو فلسطینی بچوں کے خلاف صہیونی آباد کاروں کی گاڑیوں پر پتھراؤ کے الزام میں فرد جرم پیش کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے دو فلسطینی لڑکوں نے شمالی القدس میں دو ہفتے قبل ’بسغات زئیو‘ کے قریب صہیونی آباد کاروں کی گاڑیوں پر سنگ باری کی تھی جس پر ان دونوں کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ سنگ باری کے نتیجے میں گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سنگ باری کے بعد سنگ باز فرار ہوگئے تھے۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے تعاقب کرتے ہوئئے شعفاط اور سلوان قصبوں سے دو فلسطینی لڑکوں کو حراست میں لے لیا تھا۔ ان دونوں کی عمریں 15 سال کے درمیان ہیں۔
پولیس نے دونوں فلسطینی لڑکوں کے خلاف پراسیکیوٹر کے پاس فرد جرم پیش کی ہے تاہم ننھے ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے بچوں کے خلاف فرد جرم کی عائد کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
