اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والے فلسطینی شہریوں پرحملہ کرکے چھ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے۔
دوسری جانب فلسطینی شہریوں نے انتہا یہودیوں کا ایک گروہ مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روک دیا۔ فلسطینی نمازیوں نے قبلہ اول میں داخل ہونے والے صہیونی پولیس اہلکاروں کی جوتوں سے پٹائی بھی کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کی شام یہودی آباد کاروں کا کوئی پچاس کے قریب ایک گروپ مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے اور وہاں پر تلمودی تعلیمات کے مطابق عبادت کرنے کا مذموم عزم رکھتا تھا تاہم فلسطینی شہریوں نے جوابی کارروائی کرکے یہودیوں کا مسجد اقصیٰ میں داخلہ روک دیا۔ اس کے بعد اسرائیلی پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی مسجد اقصیٰ میں داخلے کے لیے آئی تاہم وہاں پرموجود شہریوں نے صہیونی پولیس اہلکاروں پربھی حملہ کرکے ان کی جوتوں سے پٹائی کی۔ قابض پولیس نے مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے آنے والے چھ افراد کو حراست میں بھی لے لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق جمعرات کے روز صبح ہی سے مسجد اقصیٰ کے آس پاس قابض فوج اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی تھی۔ یہودی سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کے اس اجتماع کا مقصد یہودی آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے کے لیے ہرقسم کی سہولت فراہم کرنا تھا۔ یہودی آباد کاروں کی مراکشی دروازے سے مسجد اقصیٰ میں داخلے کی کئی بار کوشش ناکام بنائی گئی ہے۔