فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل کو اسرائیلی فوج نے جنین شہر میں ایک چیک پوسٹ کے قریب سے گذرتے ہوئے ’فلسطین ٹیلی ویژن‘ کےدو فوٹو گرافروں کو روکا۔ ان سے کیمرے اور ریکارڈنگ چھیننے کے بعد انہیں کئی گھنٹے تک حبس بے جا میں بند کردیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قبضے میں لی گئی ریکارڈنگ میں برطعہ چیک پوسٹ سے گذرنے والے مزدوروں کی سہولت کے لیے رضاکارانہ سرگرمیوں کی ریکارڈنگ شامل تھی۔ اس کے علاوہ فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی فوج کی شیلنگ کو بھی ریکارڈ کیا گیا تھا۔
صہیونی فوج نے دونوں فوٹو گرافروں سے کہا کہ انہوں نے ممنوعہ فوجی علاقے میں تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کی ہیں۔
صہیونی فوج نے ٹی وی کے نامہ نگار محمد بدرانہ اور اس کے ساتھ کیمرہ مین کو ایک گھنٹے سے زائد تک حبس بے جا میں رکھا، ان کی ویڈیو ریکارڈنگ حذف کرنے کے بعد انہیں چھوڑا گیا۔
