فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج کی بڑی تعداد نے نماز فجر کے بعد بیت فجار کے مقام پر تین فلسطینی شہداء کےگھروں پر چھاپے مارے۔ گھروں میں تلاشی کی آڑ میں بڑے پیمانے پر توڑپھوڑ کی اور خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔ تاہم کسی شہری کی گرفتاری کی اطلاع نہیں مل سکی۔
خیال رہے کہ تینوں شہداء فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ القدس کے دوران اسرائیلی فوج کی دہشت گردی میں جام شہادت نوش کرگئے تھے۔ عصام ثوابتہ کو عتصیون چوک میں جب کہ دوسرے دو شہداء کو غرب اردن کے شمال میں واقع ارئیل صہیونی کالونی کے قریب دوہرے فدائی حملے کے دوران شہید کیا گیا تھا۔
ادھر ایک دوسری پیش رفت میں ہفتے کے روز بیت لحم میں عایدہ پناہ گزین کیمپ کے قریب قائم اسرائیل کے فوجی Â کنٹرول ٹاور پر دیسی ساختہ دستی بموں سے حملہ کیا۔ اس واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے عایدہ کیمپ اور اس کے اطراف میں فلسطینی شہریوں کےگھروں پر چھاپے مارے تاہم کسی فلسطینی شہری کو حراست میں نہیں لیا گیا۔
