قلقیلیہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کرشہید کردیا۔ دوسری جانب القدس میں ایک کارروائی کے دوران تین فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں سوموار کو 24 سالہ احمد عبدالجابر محمد سلیم شہید ہوگیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد سلیم کو جیوس کے مقام پر ایک احتجاجی مظاہرے کےدوران گولیاں ماری گئیں جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی نوجوان پرسیدھی گولی چلائی جس کے نتیجے میں گولی اس کے سرمیں لگی۔ اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ادھر بیت المقدس میں سوموارکو شعفاط کیمپ میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ اسرائیلی فوج نے کارروائی کے دوران تین فلسطینیوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے بعد فلسطین میں اس اقدام کے خلاف احتجاج جاری ہے۔
اسرائیلی فوج پُرامن فلسطینی مظاہرین پرطاقت کا استعمال کرکے انہیں جان سے مارنے کی مجرمانہ پالیسی پرعمل پپرا ہے۔ ٹرمپ کے اعلان القدس کے بعد اب تک 19 فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں۔
