رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیل میں قید اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے رہنما اور عالم دین باجس خلیل نخلہ نے بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔ نخلہ کو اسرائیلی فوج نے گذشتہ بدھ کو حراست میں لیا تھا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 52 سالہ باجس نخلہ کو اسرائیلی فوج نے حراست میں لینے کےبعد عتصیون حراستی مرکز منتقل کردیا تھا، جہاں انہوں نے بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔انہیں بغیر کسی الزام کے حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنی بلا جواز گرفتاری کے خلاف بہ طور احتجاج گذشتہ روز سے بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔
خیال رہے کہ باجس نخلہ رام اللہ سے تعلق رکھنے والے حماس کے سرکردہ رہنما ہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 19 سال اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹی ہے۔ انہیں چند ماہ قبل ہی حراست میں لیا گیا تھا۔
حراست میں لیے جانے کے بعد انہیں عوفر جیل میں منتقل کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف کسی قسم کا مقدمہ نہیں چلایا جا رہا بلکہ انہیں انتظامی قید میں ڈالا گیا ہے۔
