قلقیلیہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں منگل کو علی الصباح شاہراہ عام پر ایک یہودی آباد کار نے اپنی گاڑی کی ٹکر سے تین فلسطینیوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں تینوں شدید زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہلال احمر فلسطین کا کہنا ہے کہ منگل کو علی الصباح ایک جنونی یہودی آباد کار نے قلقیلیہ شہر میں سڑک کےکنارے چلنے والے تین افراد کو کچل ڈالا۔ زخمی ہونے والوں میں دو میاں بیوی اور ایک دوسرا شہری شامل ہے۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے جب کہ تیسرے کو معمولی زخم آئے ہیں۔ تینوں زخمیوں کو قلقیلیہ کے درویش نزال اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ادھر فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی آباد کار کی گاڑی کی ٹکر سے دو میاں بیوی شدید زخمی ہوئے ہیں جب کہ ایک شخص درمیانے درجے کا زخمی ہے۔