فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے دروازوں کے باہر الیکٹرانک گیٹ لگائے گئے اور فلسطینیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے کے لیے ان ’واک تھرو گیٹس‘ سے گذر کر اندر جائیں۔ تاہم فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی حکام کے اس اقدام کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور مسجد میں اندر جانے کے بجائے باب الاسباط کے باہر ہی ظہر کی نماز ادا کی۔
فلسطینی محکمہ اوقاف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ انہوں نے اجتماعی طور پر اسرائیلی انتظامیہ کی نئی پابندیوں کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی شہریوں نے واک تھرو گیٹس سے قبلہ اوّل میں داخل ہونے سے انکار کردیا اور باب الاسباط کے باہر ہی نماز ادا کی۔
نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد فلسطینی شہریوں نے قبلہ اوّل کے حق اور اسرائیلی پابندیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
