فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہیدہ سہام نمر کا جسد خاکی عناتا فوجی کیمپ سے اس کے ورثاء کے حوالے کیا گیا۔
وہاں سے ایک گاڑی کے ذریعے شہیدہ کا جسد خاکی شعفاط پناہ گزین کیمپ لایا گیا۔ صہیونی فوج نے شہیدہ کی نماز جنازہ میں صرف 50 افراد کی شرکت کی اجازت دے رکھی تھی تاہم اس کے باوجود شہیدہ کی میت کو کندھا دینے کے لیے سیکڑوں شہری قبرستان پہنچ گئے۔
صہیونی فوج کی طرف سے شہیدہ کے اہل خانہ سے کہا گیا تھا کہ وہ نماز جنازہ میں صرف پچاس افراد کو شرکت کی اجازت دیں ورنہ انہیں 20 ہزار شیکل جرمانہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سہام نمر کو اسرائیلی فوج نے باب العامود کے مقام پر گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ 28 دن قبل شہادت کے بعد اسرائیلی فوج نے نمرکا جسد خاکی بھی قبضے میں لے لیا تھا۔ گذشتہ روز اسے اس کے ورثاء کے حوالے کیا گیا۔
سات ماہ قبل اسرائیلی فوج نے سہام راتب نمر کے ایک جواں سال بیٹے مصطفیٰ نمر کو بھی ایک صہیونی آباد کار کو گاڑی تلے کچلنے کی کوشش کے الزام میں گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔
