مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب اور ممتازعالم دین الشیخ محمد حسین نے کہا ہے کہ فلسطین میں صیہونی کالونیاں ارض فلسطین پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ محمد حسین نے کہا کہ فلسطین میں صیہونی کالونیوں کا قیام ارض فلسطین کی لوٹ مار کے مترادف، جارحیت اور قابل مذمت اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل طاقت کے بل پر القدس پر قبضے اور توسیع پسندی کی سازشیں کررہا ہے۔ ہماری سرزمین، مقدس مقامات اور املاک ہم سے چھینی جا رہی ہیں۔ ظالمانہ اور انتقامی اقدامات سے اہالیان القدس پرعرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کل جمعہ کو اسرائیلی فوج اور پولیس کی تمام تر پابندیوں کے باوجود پچاس ہزار فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ ادا کی۔
