نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر نابلس میں فلسطینیوں پر حملہ کیا ہے جس کے بعد صیہونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غرب اردن سے ملنے والی خبروں میں کہا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے چالیس فوجی گاڑیوں کی مدد سے غرب اردن کے شہر نابلس کے علاقے حوارہ پر دھاوا بول دیا۔صیہونی فوجیوں نے شارع عمان اور حضرت یوسف پیغمبر کے روضے کے قریب واقع بلاطہ کیمپ کے فلسطینی نوجوانوں کو سڑکوں پر آنے سے روکنے کے لئے فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے۔
اس درمیان فلسطینی نوجوانوں نے بھی غاصب صیہونی فوجیوں اور انتہا پسند صیہونیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے سڑکوں پر ٹائر جلا کر صیہونی فوجیوں اور انتہا پسند صیہونیوں کو حضرت یوسف پیغمبر کے روضے تک پہنچنے سے روک دیا۔
غرب اردن کے بیشتر شہروں اور بیت المقدس و غزہ پٹی میں گذشتہ چھے دسمبر سے کہ جس دن ٹرمپ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت اعلان کیا تھا شدید مظاہرے جاری ہیں اور اس عرصے میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔
