جنین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی آباد کاروں کے ایک گروپ نے جنین شہر کے جنوب میں واقع ایک سابقہ یہودی بستی کے مقام پر آ کر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔ آباد کاروں کے اس گروپ کو اسرآئیلی فوجیوں کی بھاری نفری کے سائے تلے علاقے میں لایا گیا تھا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ صیہونی فوجی اس علاقے میں آباد کاروں کی آمد سے پہلے ہی سے تعینات تھے۔ یہ علاقہ اس یہودی بستی کا حصہ ہے جسے اسرائیل نے 2005 میں خالی کردیا تھا۔یہودیوں کے احتجاج کے موقع پر انہوں نے عرب مخالف نعرے لگائے جن میں فلسطینیوں کو علاقے سے نکالنے اور قتل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے موقع پر تلمودی رسومات بھی ادا کیں۔
