الخلیل (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں قیدیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم”اسیران اسٹڈی سینٹر” کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ صہیونی ریاست کی قید مغربی کنارے کے شہر الخلیل سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ اسیر علاء الدین فہمی فہد الکرکی قید کے چوبیس سال مکمل کرنے کے بعد اب 25 ویں سال میں داخل ہوچکے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسیران اسٹڈی سینٹر کے ترجمان ریاض الاشقر نے بتایا کہ اسیر فہمی فہد الکرکی کو 17 دسمبر1993ء کو الخلیل شہرسے حراست میں لیا گیاتھا۔ اس پر اسرائیلی فوج اور صیہونی آباد کاروں پر حملوں سمیت متعدد دیگر الزامات کے تحت مقدمہ چلایا گیا۔ ان مقدمات کی پاداش میں اسے عمرقید کی سزا سنائی تھی۔ یہاں یہ امرواضح رہے کہ اسرائیل میں عمرقید کی کوئی حد مقررنہیں ہوتی بلکہ عمرقید سے عمر تاحیات قید سمجھی جاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق صیہونی جیلوں میں مجموعی طورپر 6500 اسیران میں سے درجنوں طویل المدتی اسیران ہیں، جواپنی اسیری کے بیس سال یا اس سے بھی زیادہ عرصہ جیلوں میں گذار چکے ہیں۔
