غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی زندانوں میں جہاں فلسطین سے تعلق رکھنے والے ہر طبقہ فکر کے افراد پابند سلاسل ہیں وہیں 19 فلسطینی خواتین ایسی بھی ہیں جو بچوں کی مائیں ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کلب برائے اسیران کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جیل ھشارون اور دامون میں قید 60 فلسطینی خواتین اسیرات میں 19 مائیں بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینی ماؤں کے ساتھ اسی طرح کا ظالمانہ سلوک روا رکھا جاتا ہے جیسا کہ دیگر فلسطینی اسیران کے ساتھ برتا جاتا ہے۔
فلسطینی ماؤں کو ان کے بچوں اور دیگر اقارب سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بچوں والی فلسطینی خواتین میں 46 سالہ زخمی اسیرہ عبلہ العدم کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل سے ہے۔ عبلہ العدم کے Â نو بچے بچیاں ہیں۔ ان میں سب سے چھوٹے بچے کی عمر تین سال ہے۔ 38 سالہ اسیرہ نسرین حسن کا تعلق حیفا شہر سے ہے، اس کے سات بچے ہیں۔ گرفتاری کے وقت اس کے سب سے چھوٹے بچے کی عمر نو ماہ تھی۔
اس کے علاوہ 45 سالہ جودہ ابو مازن اس کے شوہر اور اس کے بیٹے کو اسرائیلی فوج نے کچھ عرصہ قبل حراست میں لیا تھا۔وہ تینوں بدستور پابند سلاسل ہیں۔