مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ریاست کی ایک فوجی عدالت نے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی نوجوان کو 16 سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 22 سالہ بہاء عویسات کا تعلق مقبوضہ بیت المقدس کے جنوبی قصبے جبل مکبر سے ہے۔ اسے ایک صیہونی آباد کار کے قتل میں معاونت کرنے اور غیرقانونی طور پر اپنے پاس چاقو رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ بہاء عویسات کو اسرائیلی فوج نے 2015ء میں حراست میں لیا تھا۔ اس پر’نوف زیون‘ صیہونی کالونی کے قریب ایک اسرائیلی پولیس اہلکار پر چاقو سے حملہ کرکے اسے زخمی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
اسیر کی والدہ نے ’قدس پریس‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی عدالت نےاس کے بیٹے کو سولہ سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے اور اس پر ایک صیہونی پولیس اہلکار پر قاتلانہ حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اسیر کی والدہ کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا بالکل بے قصور ہے اور اس نے کسی کو قتل نہیں کیا ہے۔
