فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق القدس اوپن یونی ورسٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ جامعہ کے زیرانتظام کالج برائے ایپلائیڈ سائنس وٹیکنالوجی کی غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں قائم برانچ میں زیرتعلیم ایک طالب علم نے HACKERONE نامی ویب سائیٹ کو ایک رپورٹ پیش کی ہے۔ اس رپورٹ میں طالب علم نے پینٹاگون کی ویب سائیٹ میں ’CSRF‘ نامی ایک کمزوری کی نشاندہی کی ہے۔ یہ کمزوری کسی بھی وقت ہیکروں کے لیے ویب سائیٹ کو ہیک کرنے کا موجب بن سکتی تھی۔
بیان میں کہا گیاہے کہ فلسطینی طالب علم کی کاوش کو امریکی محکمہ دفاع کی طرف سے سراہا گیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے حال ہی میں ماہرین سے ویب سائیٹ کو ہیکروں کے حملوں سے بچانے کے لیے ویب سائیٹ کے کمزور پہلوؤں کی نشاندہی کرنے کی اپیل کی تھی۔ فلسطینی طالب علم کی جانب سے کی گئی نشاندہی میں بتایا گیا ہے کہ کوئی بھی ہیکر ویب سائیٹ کا خفیہ کوڈ چوری کرسکتا ہے۔
نشاندہی پر پینٹاگون نے اعتراف کیا ہے کہ ویب سائیٹ میں مذکورہ طالب کی جانب سے بتائی گئی کمزوری سائیٹ کو ہیک کیے جانے کا موجب بن سکتی تھی۔ امریکی حکام نے فلسطینی طالب علم کی طرف سے کی گئی کمزوری کی نشاندہی پر اس کی تحسین کی ہے اور اس کا نام باعث فخر اور اعزاز واکرام کے مستحق افراد میں شامل کیا ہے۔
