قاہرہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مصر نے اسرائیل کو مسجد اقصی میں جارحیت کے نتائج سے خبردار کرتے ہوئے مسلمانوں کے قبلہ اوّل میں فوری طور پر تشدد روک دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مصری وزارت خارجہ کی جانب سے بدھ کے روز جاری ایک بیان میں متنبہ کیا گیا ہے کہ مسجد اقصی میں اسرائیل کی جانب سے سکیورٹی کے نام پر چڑھائی کرنے اور مسجد اقصی کے امام شیخ عکرمہ صبری کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے خطرناک اور سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔بیان میں اسرائیل سے پرتشدد کارروائیاں روکنے ، آزادی عبادت اور مذہبی مقامات مقدسہ کے احترام کرنے ، فلسطینی عوام کے آزادی اور امن کے ساتھ ان کے مذہبی شعار انجام دینے کا حق تسلیم کرنے اور تنازع کو مزید بھڑکانے کے لیے مزید اقدامات سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
مصری وزارت خارجہ کے مطابق یہ تمام امور دو ریاستی حل پر مبنی منصفانہ اور جامع امن تک پہنچنے کا موقع سبوتاژ کر دیں گے۔
