نیویارک – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ کے لیے امن مندوب نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ فلسطین میں اسرائیل کی توسیع پسندی کی تمام سرگرمیوں کو غیرقانونی سمجھتا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیویارک میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ’یو این‘ امن مندوب Â نیکولائے ملاڈینوف نے کہا کہ اقوام متحدہ فلسطینی علاقوں میں صہیونی توسیع پسندی کی تمام سرگرمیوں کو غیرقانونی قرار دیتا ہے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ سرگرمیاں بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں۔اقوام متحدہ کے امن مندوب کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس دسمبر میں سلامتی کونسل نے فلسطین میں صہیونی آباد کاری کی مذمت کی قرارداد 2334 منظور کی تھی۔ یہ قرارداد اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کا اصولی موقف ہے جس میں صہیونی آباد کاری کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ اسے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اقوام متحدہ کے مندوب نے کہا کہ جنوری 2017ء میں صہیونی حکومت نے فلسطینی علاقوں میں5500 نئے مکانات کی تعمیر کی منظوری دی جس میں سے تین ہزار سے زاید مکانات کی تعمیر پرکام شروع کیا گیا۔