مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیل حکام ، صہیونی فوج اور انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے جیلوں میں بند اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے کارکنان پر مظالم اور درندگی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
گذشتہ روز بھی اسرائیل کی کئی جیلوں سے حماس کے زیرحراست کارکنوں کی ایک سے دوسرے مقامات پر منتقلی اور ان کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کلب برائے اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نفحہ اور النقب جیلوں میں حماس کے اسیران کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
کل جمعرات کو بھی اسرائیلی جیل النقب کے وارڈ دو اور تین Â پر اسرائیلی فوجیوں نے دھاوے بولے اور وہاں پر قید حماس کے اسیران کو زدو کوب کرنے کے بعد ان میں سے متعدد کو دوسری جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
کلب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں خبردارکیا گیا ہے کہ صہیونی انتظامیہ کی طرف سے جس طرح فلسطینی اسیران کے ساتھ بدسلوکی کا سلسلہ روا رکھاگیا ہے اس کے نتیجے میں اسرائیلی زندانوں میں قیدیوں کی بغاوت پھوٹ سکتی ہے۔
ادھر حماس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی جیل انتطامیہ نے حماس کے کارکنان کے خلاف انتقامی پالیسی میں مزید شدت لاتے ہوئے جماعت سے وابستہ کارکنوں کو زدو کوب کرنے کا سلسلہ بڑھا دیا ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی حکام نے حماس کے 30 اسیر کارکنوں کو النقب جیل سے نکال کر نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے۔
انتقامی کارروائیوں کے دوران حماس کے اسیران کے کمروں کی بجلی منطقع کردی گئی ہے اور قیدیوں کی تلاشی اور تفتیش کا ظالمانہ سلسلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل جزیرہ نما النقب اور نفحہ جیلوں میں اسرائیلی انتظامیہ کی انتقامی کارروائیوں کے رد عمل میں حماس کے دو اسیران نے اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملے کر کے دو اہلکاروں کو زخمی کردیا تھا۔