فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی کنیسٹ میں عرب ارکان کنیسٹ کی طرف سے متفقہ طور پر روہنگیا مسلمانوں کے وحشیانہ قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے مظلوم مسلمانوں کی عالمی سطح پر داد رسی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا میں مسلمانوں کے قتل عام میں اسلحہ اور جنگی سامان فراہم کرنے والے ملکوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے جو بالواسطہ طور پر برما کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم ڈھانے میں مدد کررہے ہیں۔
عبرانی اخبار ’ہارٹز‘ نے حال ہی میں اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ اسرائیل برما کی حکومت کو جنگی سازو سامان اور اسلحہ فراہم کررہا ہے اور میانمار کی حکومت یہ تباہ کن اسلحہ وہاں کی مسلمان اقلیت کو کچلنے اور ان کے وحشیانہ قتل عام کے لیے استعمال کررہی ہے۔
کنیسٹ میں عرب اتحاد نے برما میں مسلمانوں کی نسل کشی روکنے کے لیے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ میانمار کے نہتے مسلمانوں کو قاتل مافیا اور مجرموں سے نجات دلائی جائے۔
