فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کی ذیلی کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے طے شدہ اور مسلمہ حقوق جن میں حق خود ارادیت، آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام اور امن وخوش حالی کے ساتھ زندگی گذارنا جیسے حقوق ناقابل تصرف ہیں۔ کسی ملک کو فلسطینیی قوم کے دیرینہ حقوق میں تصرف کا حق نہیں۔
اقوام متحدہ کی کمیٹی نے امریکی صدر کے القدس بارے فیصلے کو باعث تشویش قراردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دے کر غلط روایت قائم کی ہے۔ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینا یک طرفہ اقدام اور قوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ بدھ چھ دسمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کی منظوری دی تھی جس پر پوری دنیا میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
