مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) دنیا بھر سے صیہونیوں کو فلسطین میں لا کربسانے کا مکروہ صیہونی سلسلہ جاری ہے۔ رواں سال (2017) کے دوران دنیا بھر سے 28 ہزار 651 صیہونیوں کو فلسطین میں لا کر آباد کیا گیا۔
یہ اعدادو شمار اسرائیل کے عبرانی جریدے ’اسرائیل ھیوم‘ میں شائع ہوئے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سب سے زیادہ صیہونی روس سے فلسطین میں لائے گئے۔ ان کی تعداد7046 بتائی جاتی ہے۔ اس کے بعد زیادہ تعداد یوکرائن سے لائی گئی جن کی تعداد 6881 تھی۔ فرانس سے 3356 اور امریکا سے 3314 امریکیوں کو فلسطین میں لا کر آباد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس کی نسبت رواں سال فلسطین میں آباد کیے گئے صیہونیوں کی تعداد نسبتا زیادہ ہے۔ سنہ 2016ء کے دوران مجموعی طور پر 27 ہزار جب کہ 2015ء کے دوران 31 ہزار صیہونیوں کو فلسطین میں لا کر آباد کیا گیا۔
اسرائیلی حکومتیں تواتر کے ساتھ دنیا بھر سے صیہونیوں کو فلسطین میں جمع کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا رہی ہیں۔ موجودہ اسرائیلی حکومت میں شامل وزیر برائے ہاؤسنگ و آباد کاری کا کہنا ہے کہ وہ ’عظیم تر القدس‘ منصوبے کو آگے بڑھاتے ہوئے بیت المقدس میں 3 لاکھ نئے گھر تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد فلسطین میں صیہونی آباد کاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
