نیویارک – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) دنیا بھر سے یہودیوں کو مقبوضہ فلسطین میں آباد کرنے میں سرگرم ایک بین الاقوامی تنظیم کی لابنگ سے امریکا سے مزید 233 یہودیوں کو اسرائیل منتقل کردیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی شہر نیویارک سے دو سو تینتیس یہودیوں کو بوئنگ 777 فلائیٹ کے ذریعے تل ابیب منتقل کیا گیا۔ ان یہودیوں کی اسرائیل منتقلی کے لیے لابنگ میں امریکا میں یہودی ایجنسی اور Kayemeth LeIsrael-Jewish National Fund وJNF-USA . نامی تنظیم سر فہرست ہے۔عبرانی اخبار ’یروشلم پوسٹ‘ کے مطابق امریکا سے اسرائیل نقل مکانی کرنے والے 233 یہودیوں میں اسرائیل میں امریکا کے موجودہ سفیر ڈیوڈ فریڈمین کی بیٹی بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ 21 خاندانوں کی شکل میں آنے والے یہودیوں میں 75، بچے اور 6 جڑواں بچے شامل ہیں۔ ان میں سے 26 افراد طب کے پیشے سے وابستہ ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نقل مکانی کرنے والے ایک چوتھائی یہودیوں کی اسرائیلی فوج میں خدمات انجام دینے کی خواہش ہے۔ امریکا سے لائے گئے یہودیوں کا بن گوریون ہوائی اڈے پر استقبال کیا گیا۔ استقبال کے لیے آنے والوں میں بیت المقدس کے اسرائیلی میئر نیر برکات، سیاسی لیڈر یائر لبید، یہودی ایجنسی کے چیئرمین ناتان شارانکسی، یہودی ربی ڈیوڈ لاؤ اور دیگر موجود تھے۔