مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) کرپشن مقدمات کا سامنا کرنے والے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کرتے ہوئے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں ہزاروں افراد غاصب صیہونی وزیراعظم کی کرپشن کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور نیتن ہاہو کو بد دیانت قرار دیتے ہوئے’ کرائم منسٹر‘ گھر جاؤ کے نعرے لگاتے رہے۔مظاہرین نے بنیامین نیتن یاہو سے مستعفی ہونے کے مطالبے کے حوالے سے دستخطی مہم میں بھی شرکت کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ بدعنوان وزیراعظم کے عہدے سے مستعفی ہونے تک تحریک جاری رکھیں گے اور مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اوراس وقت تک جدو جہد جاری رکھیں گے جب تک بد عنوان وزیراعظم عہدہ نہیں چھوڑ دیتے۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل اسرائیلی پولیس نے بنیامین نیتن یاہو پر رشوت خوری اور عہدے کا ناجائز استعمال کرنے پر فرد جرم عائد کرنے کی درخواست کی ہے۔ پولیس نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کہاکہ وزیراعظم نہ صرف قوم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے مرتکب پائے گئے ہیں بلکہ انہوں نے اپنے منصب کو ذاتی فوائد حاصل کرنے کا ذریعہ بھی بنایا۔
