مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد اردان نے ایک نیا حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں پبلک مقامات جیسے بازاروں، سیاحتی مقامات، ریلوے اسٹیشنوں وغیرہ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو کسی بھی مشتبہ فلسطینی کو گولی مارنے یا اسے گرفتار کرنے کا اختیار دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کثیرالاشاعت عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سیکیورٹی گارڈز کو پبلک مقامات پر فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں سے بچنے کے لیے ان کے اختیارات میں توسیع کی گئی ہے۔ کسی بھی مقامی سیکیورٹی گارڈ کو مشتبہ فلسطینی کو گولی مارنے یا اسے گرفتار کرنے کا اختیار ہوگا۔ سیکیورٹی گارڈ پولیس کے آنے تک مشتبہ شخص کو حراست میں رکھ سکتا ہے۔ بعد ازاں اس کی سفارش پر پولیس مشتبہ ملزم کے خلاف قانونی کرنے کی مجازہوگی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پبلک مقامات پر متعین سیکیورٹی گارٹز کو مشتبہ فلسطینی حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کا اختیار نہ ہونے اور پولیس کے آنے کے انتظار کی وجہ سے فلسطینیوں کو کارروائی کا موقع مل جاتا تھا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی گارڈوں کے اختیارات مین توسیع سے عام صیہونی آباد کاروں کو تحفظ کا احساس ہوگا۔
