مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے حسب معمول فلسطینیوں کی قومی مصالحت کو ’ویٹو‘ کرتے ہوئے فلسطینی مفاہمت قبول کرنے کے لیے تین شرائط عائد کی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کیے جانے، حماس کا عسکری ونگ القسام بریگیڈ ختم اور حماس کے ایران سے تعلقات ختم ہونے تک فلسطینیوں میں مفاہمت قبول نہیں۔ فلسطینی حکومت اور مصالحت کو یہ مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی جھوٹی مصالحت کو تسلیم نہیں کرتا۔ ہمارے وجود کی قیمت پر صلح کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔
نیتن یاھو کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیراعظم رامی الحمد اللہ کی زیرقیادت قومی حکومت نے غزہ کی پٹی میں انتظامی امور سنھبال لیے ہیں۔ فلسطینی قومی حکومت کا قیام مصر کی نگرانی میں جاری فلسطینی مفاہمتی کوششوں کا ثمر ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور امریکا دونوں فلسطینی اتھارٹی کی قیادت پر حماس کی طرف سے شروع کی گئی مفاہمتی کوششوں کا حصہ نہ بننے کے لیے مسلسل دباؤ ڈالا جاتا رہا ہے۔
