کراچی – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) جماعت اہلسنت پاکستان نے مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں کا داخلہ بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورسز براہ راست مذہب اسلام سے جنگ کر رہی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی غاصبانہ قبضہ مسلمانوں کو عبادت سے روکنا انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، عالم اسلام کے خلاف فساد کی سب سے بڑی جڑ امریکا ہے، جس نے اسرائیل کو مشرق وسطیٰ میں بالادستی کی کھلی اجازت دے رکھی ہے۔انہوں نے مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں کا داخلہ بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورسز براہ راست مذہب اسلام سے جنگ کر رہی ہے، مسلم ملکوں کی سرحدی حدود مسلمانوں کو فلسطین سے جدا نہیں کر سکتی ہے۔
جماعت اہلسنت پاکستان کے رہنما نے کہا کہ امت مسلمہ کو قبلہ اوّل کی عظمت و حرمت کے تحفظ اور آزادی کیلئے متحد و منظم ہوکر اپنی طاقت و قوت کا اظہار کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک اسرائیل کے خلاف موثر احتجاج کرکے ہی فلسطین کے مسلمانوں کو یہود کے ظلم سے نجات دلا سکتے ہیں۔
شاہ عبدالحق نے مزید کہا کہ اسرائیل کی فلسطین میں وحشیانہ جنگی جارحیت کی سرپرستی امریکا کر رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور عرب لیگ سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کے وحشیانہ مظالم میں گھرے ہوئے فلسطین کے بے بس عوام کی داد رسی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
